جمعرات 20 اگست 2026 - 06:29
آیت اللہ اعرافی: ایرانی قوم رہبر شہید کے خون کا انتقام لینے کے لیے پر عزم ہے

حوزہ/ حوزات علمیہ ایران کے سربراہ نے کہا ہے کہ رہبر شہید نے ایران کے لیے مختلف شعبوں میں اقتدار اور خودکفالت کی بنیاد رکھی، خصوصاً علم و ٹیکنالوجی اور دفاعی میدان میں ملک کو مضبوط بنایا، رہبر شہید اور دیگر شہداء کے خون کا قصاص اور انتقام کوئی ذاتی یا جذباتی معاملہ نہیں، بلکہ پوری امت اسلامیہ اور دنیا کے مظلوموں کا مطالبہ ہے، اور ایرانی قوم اس مقصد سے پیچھے نہیں ہٹے گی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حوزات علمیہ ایران کے سربراہ آیت اللہ علی رضا اعرافی نے کہا ہے کہ رہبر شہید نے ایران کے لیے مختلف شعبوں میں اقتدار اور خودکفالت کی بنیاد رکھی، خصوصاً علم و ٹیکنالوجی اور دفاعی میدان میں ملک کو مضبوط بنایا۔ انہوں نے تاکید کی کہ رہبر شہید اور دیگر شہداء کے خون کا قصاص اور انتقام کوئی ذاتی یا جذباتی معاملہ نہیں، بلکہ پوری امت اسلامیہ اور دنیا کے مظلوموں کا مطالبہ ہے، اور ایرانی قوم اس مقصد سے پیچھے نہیں ہٹے گی۔

آیت اللہ اعرافی نے حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا کے حرم مطہر کے شبستان امام خمینیؒ میں رہبر شہید کی تدفین کے چہلم کی مناسبت سے منعقدہ مجلس میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رہبر شہید نے اپنے چالیس سالہ دور قیادت میں ایک مستقل راستہ اختیار کیا اور ایران کے لیے علمی و تکنیکی اقتدار پیدا کرنے کو بنیادی ترجیح دی۔

انہوں نے کہا کہ امت اسلامیہ گزشتہ دو سو برس سے علم و ٹیکنالوجی کے میدان میں پسماندگی کا شکار رہی اور طویل عرصے تک اس کے علمی و فنی معاملات مغرب پر منحصر رہے، لیکن شہید رہبر نے اس انحصار کو ختم کرنے اور ایران کو علمی و تکنیکی اعتبار سے مضبوط بنانے کے لیے مسلسل جدوجہد کی۔

حوزات علمیہ ایران کے سربراہ نے دفاعی اور عسکری میدان میں بھی شہید رہبر کی خدمات کو نمایاں قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ایک جدید اور مؤثر دفاعی نظریے کی بنیاد پر ایران کی دفاعی قوت کو مستحکم کیا۔ ان کی دوراندیشی، حکمت عملی اور رہنمائی کے نتیجے میں ایران خطے کی ایک مؤثر طاقت بن گیا اور ایسی قوت حاصل کرلی جو دنیا کی بڑی طاقتوں کے مقابل کھڑی ہوسکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ رہبر معظم انقلاب اسلامی کی رہنمائی اور مسلح افواج کی قربانیوں کے باعث دشمن کے مقابل ایران کی مزاحمت جاری رہے گی۔ ہم جنگ شروع کرنے والے نہیں ہیں، لیکن دفاع کے مرحلے میں بھرپور جواب دیں گے اور دشمن کے لیے حالات مشکل بنا دیں گے۔

آیت اللہ اعرافی نے مزید کہا کہ شہید امام اور دیگر شہداء کے خون کا انتقام کسی فرد یا ذاتی جذبات کا مسئلہ نہیں بلکہ امت اسلامیہ اور دنیا کے مستضعفین کے حق کا مطالبہ ہے۔ انہوں نے تاکید کی کہ ایرانی قوم اپنے شہید رہبر کے خون کا بدلہ لینے کے عزم پر قائم ہے، خواہ اس کے لیے کئی برس ہی کیوں نہ گزر جائیں۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha